شنبه 03/می/2025

بارک اوباما نے بائیڈن کونائب صدر کےطور پرامیدوارچن لیا

ہفتہ 23-اگست-2008

امریکا کی ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار بارک اوباما نے سینٹر جوزف بائیڈن کو نائب صدارت کے عہدے کے لئے اپنا امیدوارچن لیا ہے.

امریکی ٹیلی ویژن چینلزسی این این اور سی بی ایس نیوزنے ہفتہ کی صبح ڈیموکریٹک پارٹی کے ذرائع کے حوالے سے جوزف بائیڈن کو نائب صدرکے عہدے کے لئے امیدوار بنائے جانے کی خبر دی ہے تاہم انہوں نے اپنے ذرائع اورمزید تفصیل کے بارے میں کچھ نہیں بتایا.

اس سے پہلے اے بی سی نیوز نے ایک خفیہ سروس کے ایجنٹوں کوجوزف بائیڈن کی حفاظت پر مامور کئےجانے کی خبردی تھی.ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے انڈیانا سے تعلق رکھنے والے سینٹرایوان بائح اور ریاست ورجینیا کے گورنر ٹم کین بھی نائب صدارت کے امیدوار تھے لیکن بارک اوباما نے 65 سالہ جوزف بائیڈن کا انتخاب کیا ہے.

جوزف بائیڈن 1972ء میں 30 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ امریکی سینٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے.ان کے انتخاب کے ایک ماہ بعد ان کی بیوی اور بیٹی ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں اوردو بیٹے زخمی ہوگئے تھے.

اس حادثہ کے بعد بائیڈن نے سینٹ کی رکنیت سے دستبردار ہونے کے بارے میں غور شروع کر دیا تھا لیکن ان کی جماعت نے انہیں سینٹر کے طور پر کام جاری رکھنے میں مدد دی تھی اور اس کے 15 سال بعد انہوں نے دوسری شادی کی تھی.

جوزف بائیڈن سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ ہیں اور وہ بین الاقوامی امور کے بارے میں کھل کر اپنے نکتہ نظر کا اظہار کرتے رہتے ہیں.انہوں نے 2002ء میں عراق کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کی اجازت سے متعلق قرارداد کی حمایت کی تھی لیکن اس کے فوری بعد وہ عراق جنگ کے سخت ناقد کے طور پر سامنے آئے تھے اور انہوں نے صدر جارج ڈبلیو بش پرجنگ کوغلط انداز میں چلانے کا الزام عاید کیا تھا.

اس ہفتے بارک اوباما نے انتخابی مہم کے دوران جارجیا کے بحران کے بارے میں موقف اورافغانستان کے لئے امریکا کی جانب سے مزید اقتصادی امداددینے کی تجاویزپرجوزف بائیڈن کی تعریف کی تھی اور انہیں نائب صدارت کے لئے امیدوار بنانے کا اشارہ دے دیا تھا.

مختصر لنک:

کاپی