ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں کار بم دھماکے میں آٹھ پولیس افسر اورکرنل سمیت تین فوجی زخمی ہوگئے ہیں.
ازمیر کے گورنرچاہت کیراچ نے ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولیہ کو بتایاکہ پولیس افسر ایک منی بس میں سوار تھے اور وہ جونہی انہیں لے کر پارکنگ میں کھڑی ایک کار کے قریب پہنچی تو اسے دھماکے سے اڑادیا گیا.
گورنر نے بتایا کہ پولیس ہاٶسنگ کمپلیکس کے قریب کار میں رکھے پلاسٹک کے دھماکا خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا.دھماکے سے قریبی علاقے میں عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے.
منگل کے روزترکی کے جنوبی صوبہ میرسین میں ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار دھماکے سے اڑادی جس سے 13 پولیس افسرزخمی ہوگئے تھے.
ایک ترک روزنامے صباح میں جمعرات کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق حملے میں استعمال کیا گیا دھماکا خیز مواد اسی نوعیت کا تھا جس طرح کا گزشتہ ماہ استنبول میں دوبم دھماکوں میں استعمال کیا گیا تھا.ان میں 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے. ترک پولیس نے ان بم دھماکوں کا الزام کردستان ورکرزپارٹی پی کے کے، کے باغیوں پرعاید کیا تھا.