الجزائر کے دارالحکومت سے قریباً60 کلومیٹر مشرق میں واقع عیسرزمیں پولیس کے ایک تربیتی سکول پر خودکش بم حملے میں 43 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوگئے ہیں.
الجزائر کی وزارت داخلہ نے منگل کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس اسکول کے مرکزی داخلے دروازے پر دھماکے سے تباہ کر دی .اس وقت وہاں امیدواروں کی بڑی تعداد ایک انٹری امتحان میں شریک ہونے کے لئےکھڑی تھی.
عینی شاہدوں کے مطابق بم دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں عام شہریوں کے علاوہ پولیس اہلکاربھی ہیں .واقعہ کے بعد ایک بڑا سکیورٹی آپریشن شروع کر دیا گیا.ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی.
الجزائر میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری دہشت گردوں کے بم حملوں میں یہ مہلک ترین حملہ ہے.یہ بم دھماکا دارالحکومت الجزائرمیں دسمبر 2007ء میں ہوئے دوخودکش بم دھماکوں سے بھی شدید تھا جن میں اقوام متحدہ کے عملہ کے 17 ارکان سمیت 41 افراد ہلاک ہوگئے تھے.حملہ آوروں نے اقوام متحدہ کے دفاتر اور ایک عدالت کی عمارت کو نشانہ بنایا تھا.
اس سے پہلے اتوار کوملک کے مشرقی علاقے سکیکدا میں انتہا پسندوں کے حملے میں 11 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے.الجزائر کے اخبارات میں واقعہ کی منگل کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق جوابی کارروائی میں چار حملہ آور بھی مارے گئے .تاہم ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی.
اخبارات کے مطابق قبائلیہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد اسلامی جنگجو قریبی علاقے سکیکدا میں دوبارہ مورچہ بند ہونے کی کوشش کر رہے ہیں.