ذرائع نے کہا ’’قطر جو علاقہ میں جنگی اعتبار سے ایک طاقتور ملک ہے حماس اور فتح کے درمیان صلح صفائی کرادینا چاہتا ہے تاکہ اندرونی اختلافات کا خاتمہ عمل میں آسکے اور فلسطین کے دونوں گروپس دوبارہ متحد ہو سکیں-‘‘ دونوں گروپس کے درمیان یہ اختلافات گزشتہ سال ہوئے جبکہ حماس نے غزہ سے فتح کو نکال باہر کردیا تھا اور اس ساحلی پٹی پر کنٹرول حاصل کرلیا تھا- فتح نے مغربی کنارہ کا رخ کرلیا تھا جہاں پر اس نے اپنے اقتدار کو مستحکم بنالیا تھا جبکہ حماس نے غزہ میں اس کی گرفت کو مضبوط کرلیا تھا-
ذرائع نے وضاحت کی کہ قطری حکام حماس اور فتح کے قائدین سے بات جیت کررہے ہیں اور انہیں یہ سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ دوبارہ بات جیت کی میز پر آجائیں- نئی کوششیں ایک ایسے وقت کی جارہی ہیں جبکہ مصر نے جو ایک اہم ترین مصالحت کنندہ ہے ان دونوں فلسطینی گروپس کے درمیان صلح صفائی کرانے کے لیے اس کی اپنی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے-