دوشنبه 05/می/2025

امریکا نے ایران پر حملے کی اسرائیلی درخواست مسترد کر دی: رپورٹ

بدھ 13-اگست-2008

امریکا نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی تیاری کی خاطر فوجی ساز و سامان فراہم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ اس امر کا انکشاف تل ابیب سے شائع ہونے والے عبرانی اخبار "ہارٹز” نے اپنی ایک حالیہ اشاعت میں کیا ہے۔

اخبار کے مطابق امریکا نے اسرائیل کو کسی ایسی فوجی کارروائی سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کسی ایسی جارحانہ کارروائی میں مدد فراہم کرنے والا فوجی ساز و سامان فراہم کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ امریکا نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائیلوں کے دفاعی نظام کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔

اسرائیلی ریڈیو پر اپنے انٹرویو میں وزیر دفاع ایہود باراک نے "ہارٹرز” میں شائع ہونے والی خبر کی تردید نہیں کی تاہم انہوں نے پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔ باراک کے مطابق اس وقت ایسی باتوں کا ذکر کرنا مناسب نہیں ہے۔

مغربی ممالک امریکہ کی سربراہی میں ایران پر الزام عاید کرتے ہیں کہ وہ ایٹمی اسلحہ تیار کر رہا ہے جبکہ تہران نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام توانائی کے حصول اور پرامن مقاصد کے لئے ہے اور وہ ایٹمی اسلحہ تیار کرنے کی دوڑ میں شامل نہیں ہے۔ ایران نے اپنے خلاف کسی جارحیت کی صورت میں اسرائیل اور امریکا کے مشرق وسطی میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

مشرق وسطی میں ایٹمی اسحلے سے لیس اسرائیل کو خدشہ ہے کہ ایران کی نیوکلئیر صلاحیت اس کے خطے میں وجود کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

"ہارٹرز” کی رپورٹ میں اس امر کی وضاحت نہیں کی گئی کہ اسرائیل نے واشنگٹن سے کونسے اسلحے اور فوجی ساز و سامان کا مطالبہ کیا تھا کہ جسے امریکا نے مسترد کر دیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر فضائی حملے کی صورت میں اسے عراقی کی فضائی حدود استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔

باراک کا کہنا تھا کہ ایران پوری دنیا کے لئے ایک بہت بڑا خطرا ہے اس لئے خطے کے امن کو یقینی بنانے کے لئے بہت سے انٹلیجنس اور حفاظتی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا کی رائے میں ایران کے خلاف کارروائی اس وقت مناسب اقدام نہیں ہو گی، تاہم اسرائیل اس رائے کا برملہ اظہار کر چکا ہے کہ ایران پر حملے سمیت کسی بھی آپشن کو مسترد نہ کیا جائے۔

 

مختصر لنک:

کاپی