عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق باراک نے محمود عباس اور سلام فیاض کو بتایا کہ اگر فرار ہونے والے 150افراد غزہ واپس آگئے تو انہیں حماس کی پولیس گرفتار کرلے گی- اسرائیلی ریڈیو نے اپنے خبرنامے میں بتایاکہ 150افراد کو رام اللہ میں منتقل کردیا جائے گا‘ قبل ازیں محمود عباس اور سلام فیاض نے کہاتھاکہ ان کو غزہ واپس بھیجا جائے-
رام اللہ میں فتح تنظیم کے قریبی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایاکہ مغربی کنارے کی انتظامیہ کسی بھی حالت میں ان افراد کو مغربی کنارے میں قبول نہ کرے گی- ذرائع کے مطابق محمود عباس کو بتایا گیا تھاکہ مغربی کنارے میں ان لوگوں کو قبول کرنے سے امن وامان کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں-
انہوں نے کہاکہ فتح تنظیم نے اپنے کارکنان سے اس پر اظہار ناراضگی کیا کہ وہ ان کی توقعات پر پورے نہ اترے اور حماس کے ساتھ پہلے تنازعے ہی پر راہ فرار اختیار کر گئے- انہوں نے کہاکہ جو لوگ غزہ کی پٹی کے ساحل کے واقعات میں ملوث ہیں ان کو واپس نہیں بھیجا جائے گا- حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابوزہری نے کہاہے کہ جو لوگ واپس آئے ہیں ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا گیاہے-
