امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف امریکہ کا انتہائی مضبوط اتحادی ہے اورافغان سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے انتہائی پرعزم، پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے میرے ساتھ ملاقات میں پر خطر افغان سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے انتہائی مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔ دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کو سراہتے ہیں۔
وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے قبائلی پر امن محب وطن پاکستانی ہیں، تاہم چند شر پسند ان کو انتہا پسندی اورعسکریت پسندی کے لیے اُکسا رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہار اوول ہاؤس میں 50 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ پریس کانفرنس سے پہلے صدر جارج ڈبلیو بش نے خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے درمیان ملاقات انتہائی سود مند رہی جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی نئی حکومت کا عزم اور مؤقف معلوم ہوا۔
پاکستان دہشت گردی کے خلاف امریکہ کا انتہائی مضبوط اتحادی ہے اور افغان سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے انتہائی پرعزم، سید یوسف رضا گیلانی نے میرے ساتھ ملاقات میں پر خطر افغان سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے اپنے انتہائی مضبوط عزم کا اظہارکیا ہے۔ اس لیے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا اقتصادی تعاون جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کا مضبوط اتحادی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گرد تھوڑی تعداد میں ہیں جو دنیا کا امن تباہ کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے۔ پاکستان کے قبائلی انتہائی محب وطن شہری ہیں تاہم بعض شر پسند عناصر انھیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے لیے بھڑکا رہے ہیں جن کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان مختلف پہلوؤں پر کام کر رہا ہے اس میں قبائلی عمائدین کے ساتھ مذاکرات بھی شامل ہیں جبکہ جہاں ضروری سمجھا جا رہا ہے وہاں فوجی آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لئے امریکا کی حمایت کے شکر گزار ہیں۔ موجودہ حکومت اپنی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے لے کر بڑھ رہی ہے اور ان کا مشن تھا پاکستان میں غربت بے روزگاری اور انتہا پسندی کا خاتمہ۔ اس سے پہلے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔
صدر بش وزیراعظم گیلانی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی جو امریکی صدر بش کی دعوت پر امریکا کا دورہ کر رہے ہیں، امریکی نائب صدر ڈک چینی اور وزیرخارجہ کنڈولیزا رائس سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔