حال ہی میں نابلس میں شہر کی مشہور سیاسی اور سماجی شخصیات کو اغوا کیاگیا- جن میں نابلس زکوة کمیٹی کے سابق چیئرمین 66سالہ ڈاکٹر عبدالرحیم حنبلی‘ بلدیہ کے رکن حسام الدین قتلونی ‘خواتین یونین کے ہسپتال کے فنانس ڈائریکٹر– محی الدین سلعوس اور 27سالہ نوجوان عثمان جمال شامل ہیں-
گرفتاریوں کے لحاظ سے نابلس پہلے نمبر پر ہے- جہاں سے 100افراد کو گرفتار کیاگیاہے- گرفتار شہریوں میں 43ایسے بچے شامل ہیں جن کی عمریں 18سال سے کم ہیں جبکہ تین خواتین کو بھی گرفتار کیاگیا ہے اور ان میں سے ایک کو گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد رہاکردیاگیاہے- خواتین میں نابلس بلدیہ کی ڈپٹی مئیرخلود مصری اور خواتین یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن حنین درزہ شامل ہیں- خلود مصری دل کی مریضہ ہیں – تفتیش کے دوران ان پر سختی کی گئی- جس بناء پر انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا –
جنگ بندی کے دوران اسرائیلی عدالت نے 130اسیران کوسزائیں سنائیں- عوفر میں اسرائیلی فوجی عدالت نے اقصی بریگیڈ کے کمانڈر عدنان محمد عبیات کو تین مرتبہ عمر قید اور دس سال اضافی قید کی سزا سنائی – عدالت نے مولانا جمال ابو الھیجا کی سزا میں چھٹی بار اضافہ کیااور انہیں اپنے بیٹوں سے ملاقات سے روک دیا –
جیل کے اندر اسیران پر تشدد کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق مجدو جیل انتظامیہ نے 13اسیران کو لاٹھیوں اورگھونسے مار کر زخمی کردیا- شطہ جیل انتظامیہ نے ہدایات کی مخالفت کے بہانے 5اسیران کو 250شیکل جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ جیل انتظامیہ کی طرف سے مریض اسیران سے لاپرواہی کا برتنے کا سلسلہ جاری ہے – مناسب علاج نہ ہونے کے باعث جیلوں میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے- دوائی نہ دیئے جانے کے باعث اسیر زیاد احمد فرارجہ کو دل کا دورہ پڑا ‘وہ قریب المرگ تھے- اسیران کے احتجاج کے بعد جیل انتظامیہ نے انہیں ہسپتال منتقل کیا-
اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر عزیزدویک کی صحت روز بروز گر رہی ہے – رملہ جیل کے ہسپتال کی طبی ٹیم نے ان کے آپریشن کا فیصلہ کیا ہے- میڈیکل رپورٹ سے ظاہر ہوتاہے کہ ان کے گردے کو نقصان پہنچاہے- ایک اور اسیر ربیع حرب کو کو دو ماہ قبل گرفتاری کے دوران گولی لگی تھی – اس کا پیٹ پھول گیا ہے اوروہ سخت تکلیف کا شکار ہیں –
رفاہی اور سماجی اداروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران اسیران کے امور کی تنظیم نفحہ کو بند کردیاگیا- وہ اسرائیلی عدالتوں میں بیسیوں فلسطینی اسیران کے مقدمات کی پیروی کررہی تھی- نفحہ اسیران اور ان کے عزیزو اقارب کے درمیان رابطے کا بھی کام کرتی ہے- اسیران کے امور کی وزارت نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیاہے کہ وہ جنگ بندی کا معائنہ کرے اور فلسطینی شہریوں کو گرفتار کئے جانے کی کارروائیاں بند کرائے- اس رپورٹ سے ظاہر ہوتاہے کہ اسرائیل جنگ بندی پر عمل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے –