اسرائیل میں داخلی سیکورٹی کے ادارے "شین بیت” نے دوعرب اسرائیلیوں جبکہ مشرقی بیت المقدس کے چار رہائشیوں کو القاعدہ سے تعلق کے شبے میں حراست میں لے لیا۔ ان پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ وہ مبینہ طور مقامی سطح پر القاعدہ کو منظم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
"شین بیت” کےترجمان نے گرفتاری کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چھ ملزموں کو امسال جون اور جولانی میں حراست میں لیا گیا اور ان پر جمعہ کے روز باقاعدہ فرد جرم عاید کی گئی۔گرفتار ہونے والوں میں بلدیہ الطبیۃ کے بائیس سالہ نوجوان ابراھیم ناشف، اور الناصرہ کے رہائشی محمد نجم شامل ہیں۔ دونوں القدس کی عبرانی یونیورسٹی کے طالب علم ہیں۔
محمد نجم پر شبہہ ہے کہ انہوں نے امریکی صدر کے دورہ اسرائیل کے موقع پر عبرانی یونیورسٹی میں بنائے جانے والی ہیلی پیڈ کی تصاویر لیں تا کہ امکانی طور پر ان پر حملہ کیا جا سکھ۔فرد جرم میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ یہ مشتبہ افراد مسجد اقصی میں ملاقات کیا کرتے تھے اور انٹرنیٹ کے ذریعے دھماکہ خیز مواد کی تیاری کے لئے معلومات جمع کرتے رہے ہیں۔مشرقی بیت المقدس سے تعلق رکھنے والوں پر الزام ہے کہ وہ علاقے میں القاعدہ نیٹ ورک سے منسلک ہونے کی کوشش کر رہےتھے۔