اردن کے دارالحکومت عمان میں ایک نامعلوم مسلح شخص نے چھے فن کاروں کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جس کے بعد اس نے خودکشی کرلی.
عمان کے سکیورٹی حکام کے مطابق واقعہ بدھ کی رات گیارہ بجے کے قریب شہر کے ایک رومن تھیٹر میں اردن اور لبنان کے فن کاروں اور گلوکاروں کی جانب سے فن کے مظاہرے کے بعد پیش آیا.
عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم شخص نے تھیٹر کے قریب ایک بس پر فائرنگ شروع کر دی جس سے چھے فن کار زخمی ہوگئے .ان کے بقول حملہ آور کی ڈاڑھی تھی اور نہ وہ اسلامی جنگجو لگ رہا تھا.جب پولیس نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے سر میں گولی مارکر خود کشی کر لی.
اردن کے وزیر اطلاعات اور حکومت کے ترجمان ناصر جودے نے بتایا کہ زخمیوں میں لبنان کے ایک آرکسٹراگروپ کے چار ارکان،ایک فلسطینی خاتون اور اردنی بس ڈرائیورشامل ہے.ان افرادکو معمولی زخم آئے ہیں اور ان کا علاج کیا جارہاہے.
اردن کے ایک سکیورٹی ذریعے نے خیال ظاہر کیا ہے کہ حملہ آور کو شاید لبنانی فن کاروں کے اسرائیلی ہونے کا شک تھا.مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینیوں سے اسرائیل کے ناروا اور ظالمانہ سلوک پر اردن میں لوگوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے اور وہاں اسرائیل مخالف جذبات عروج پر ہیں.
لبنانی اوراردنی فن کاروں کا آرکسٹرا بجانے کا پروگرام اردن کے متنازعہ میلے کا حصہ نہیں تھا.اردن کی چودہ یونینوں پر مشتمل گروپ نے عرب اور اردنی گلوکاروں سے کہا ہے کہ وہ اس مقابلے میں حصہ نہ لیں.
ان کا کہنا ہے کہ اس میلے کا اہتمام کرنے والی فرانسیسی کمپنی ”پبلسسٹ” نے اس سال صہیونی ریاست اسرائیل کے قیام کے 60 سال پورے ہونے پربھی تقریبات کا اہتمام کیاتھا.