اسرائیلی دارلحکومت کے بن گوریان بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک صہیونی فوجی کی گولی سے ہلاکت کے بعد شدید بھگڈر مچ گئی اور اسرائیل کے دورے پر آئے ہوئے فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب افراتفری کا شکار ہوگئی۔
اسرائیلی ریڈیو نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خود کشی کرنے والا اسرائیلی فوجی سرکوزی کے جہاز سے صرف دو سو میٹر کے فاصلے پر تھا۔ اس منظر کو دیکھ کر دو فوجی خواتین بے ہوش ہو گئیں، جنہیں وہاں سے ایمبولنیس کے ذریعے نکالا گیا۔
اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کے بعد صدر سرکوزی اور ان کی اہلیہ کارلہ برونی کے محافظوں نے انہیں فوری طور پر ان کے خصوصی جہاز ہر سوار کرا دیا جبکہ اسرائیلی صدر شمعون پیریز اور وزیراعظم ایہود اولمرٹ کو ان کی خصوصی گاڑیوں میں سوار کرا دیا گیا۔
کچھ دیر بعد صورتحال معمول پر آنے کے بعد دونوں میزبانوں نے جہاز کے اندر صدر سرکوزی کو الوداع کہا۔