ایک مؤقر امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ماہ اسرائیل کی بڑے پیمانے پرفوجی مشقیں ممکنہ طور پر ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کی رہہرسل ہیں۔
نیو یارک ٹائمز نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ جون کے پہلے ہفتے میں سو سے زائد اسرائیلی ایف سولہ اور ایف پندرہ جنگی طیاروں نے یونان اور مشرقی ساحلی علاقوں میں مشقوں میں حصہ لیا، جس سےاسرائیل کی ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی اور سنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے۔ اخباری رپورٹ میں اسرائیلی فوجی ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جنگی مشقیں فوج کی معمول کی تربیت اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوششوں کا حصہ ہیں۔
پینٹا گون کے ایک اہلکارکا کہنا ہے کہ جنگی مشقوں کا مقصد ممکنہ طور پرایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو جانچنا اورایران کو یہ پیغام بھیجنا ہے کہ تہران کا ایٹمی پروگرام روکنے کی تمام کوششیں ناکام ہونے کی صورت میں اسرائیل بزور طاقت یہ مسئلہ حل کرنے کے لیے تیار ہے۔