اسرائیلی کابینہ میں وزیر مواصلات شاؤل موفاذ نے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام جاری رکھنے کی صورت میں اسرائیل کو ایران پر حملہ کر دینا چاہیے۔
ایک اسرائیلی اخبار يديعوت احرونوت کی رپورٹ کے مطابق شاؤل موفاذ نے کہا کہ اگر ایران اپنا ایٹمی پروگرام ترک نہیں کرتا تو اسرائیل اس پر حملہ کر دے گا۔ اپنے انٹرویو میں موفاذ نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یورنیم افزودگی کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ تہران نے نیوکلیئر ہتھیاروں کے حصول کی کوششوں سے ہمیشہ انکار کیا ہے۔ ایرانی راہنما اپنے ایٹمی پروگرام کے خلاف کسی حملے کی صورت میں اسرائیل اور خیلج میں امریکی ٹارگٹ پر حملوں کی دھمکیاں دیں ہیں۔
يديعوت احرونوت کے مطابق شاؤل موفاذ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں مؤثر نہیں ہیں اور ایران کے خلاف اسرائیل کے کسی بھی حملے کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہو گی۔ شاؤل موفاذ اسرائیل کے سابق وزیر دفاع اور آرمی چیف بھی رہ چکے ہیں ۔