اسرائیل کے وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو ہر ممکنہ طریقے سے روکنا ضروری ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم نے یہ بات امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے دورے پر ایک لابی گروپ ’امیرکن اسرائیل پبلک افیرز کمیٹی‘ سے خطاب میں کہی۔ اسرائیل کے وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایران کو یہ واضح کرے کہ اگر وہ جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو جاری رکھتا ہے تو اس کے ناتئج خوفناک ہو سکتے ہیں۔
اسرائیل کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ایرانی خطرے کو ہر ممکنہ طریقے سے روکنا ضروری ہے۔‘ امریکی اور مغربی ممالک ایران پر الزام لگاتے رہے ہیں کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کے پروگرام پر کام کر رہا ہے تاہم ایران نے اس کی تردید کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس کے جوہری پروگرام کے مقاصد پر امن ہیں۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بدھ کو امریکی صدر جاج بش سے ملاقات کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس ملاقات میں ایران کے جوہری پروگرام کا مؤضوع زیر بحث رہےگا۔