پنج شنبه 01/می/2025

اسرائیل سے مذاکرات کیلئے ایران سے تعلقات ختم نہیں کرسکتے: شام

اتوار 25-مئی-2008

شام نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات کے بدلے وہ ایران سے تعلقات ختم نہیں کرے گا- سرکاری اخبار تشرین کے مطابق اسرائیل نے شامی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے اسے ایران سے فاصلے بڑھانا ہوں گے تاہم شامی حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات میں ایسی کوئی شرط قبول نہیں کی جائے گی-

اسرائیل اور شام نے اعلان کیا تھا کہ دونوں ممالک نے ترکی کی ثالثی میں گولان کی پہاڑیوں کا معاملہ حل کرنے کیلئے مذاکرات شروع کیے ہیں- اسرائیل کے وزیر ہائوسنگ نے کہا تھا کہ شام سے بات چیت صرف اسی صورت کی جائے گی جب وہ دہشت گردی کی تمام کارروائیاں بند کردے، لبنان میں حزب اللہ کی حمایت ترک کردے اور ایران پر انحصار کرنا چھوڑ دے- اسرائیل ایران کو خطے میں اپنے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتا ہے کیونکہ ایرانی صدر متعدد بار اسرائیل کے خاتمے کی بات کرچکے ہیں- مشرق وسطی میں شام وہ واحد ملک ہے جس کے ایران سے نہایت مضبوط اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں-
 
تین دہائیوں سے قائم یہ تعلقات تب مزید مضبوط ہوئے جب 2006ء میں دونوں ممالک نے فوجی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے- اسرائیل نے شام سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ لبنان میں حزب اللہ اور فلسطین میں عسکریت پسندوں کی حمایت ترک کردے- شام نے ان الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا کسی ایسی تنظیم سے کوئی رابطہ نہیں ہے- شام کے سرکاری اخبار نے اسرائیل کے ان مطالبات پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ مطالبے شام کیلئے ناقابل قبول ہیں اور ایسے مطالبات کی صورت میں مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے- اسرائیل کی پارلیمنٹ شام سے مذاکرات پر وزیر اعظم ایہود اولمرٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے- اسرائیلی وزیر اعظم نے شام سے مذاکرات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی امن معاہدے کیلئے اسرائیل کو بڑی قیمت ادا کرنا ہوگی-

اولمرٹ نے بیان میں گولان کی پہاڑیوں کا ذکر نہیں کیا تاہم ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ ان کے بیان کا یہی مطلب بنتا ہے اور یہ قیمت اسرائیل کو کسی صورت قبول نہیں- اسرائیل نے 1967ء کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران شام کے سرحدڈ میں واقع گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کرلیا تھا اور تب سے اب تک دونوں ممالک میں اس بات پر تنازع چلا آرہا ہے- ایران نے کہا کہ اسرائیل کو چاہیے کہ وہ گولان کی پہاڑیاں فوراً شام کو واپس کردے- اسرائیل شام مذاکرات پر بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متقی نے کہا کہ اسرائیل اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ شام سے مذاکرات کیلئے شرائط عائد کرسکے- اگر اسے مذاکرات کامیاب بنانا ہیں تو اسے گولان کی پہاڑیاں شام کو واپس کرنا ہوں گی-

مختصر لنک:

کاپی