غزہ کی پٹی میں ریڈ کراس آفس کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں برقی رو کی عدم دستیابی کی وجہ سے نظام زندگی تلپٹ ہو چکا ہے اور بنیادی اشیائے ضرورت بھی ختم ہو رہی ہیں- انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس کو غزہ کی پٹی میں ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں- انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں انفراسٹرکچر تباہ تباہ ہو چکا ہے اور اس کا امکان کم ہے کہ اس کو فوری طور پر بحال کیا جاسکے- انہوں نے کہا کہ صورتحال اس قدر تباہ کن ہو چکی ہے کہ اس کو کسی صورت قابل عمل نہیں بنایا جاسکتا-
فلسطین قانون ساز کونسل کے رکن جمال الخدری نے ریڈ کراس کے ڈائریکٹر کا اپنے دفتر میں خیر مقدم کیا- انہوں نے کہا کہ غزہ کے حالات بہتر بنانے کے لیے عالمی اداروں کو بھرپور کوشش کرنا چاہیے- جمال الخدری جو عوامی مزاحمت کمیٹیوں کے سربراہ بھی ہیں نے کہا کہ ان اداروں کو چاہیے کہ صہیونی قابض حکومت پر زور ڈالیں کہ غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم کرے اور فلسطینی عوام کے خلاف ظلم و ستم ختم کرے- انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کا محاصرہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے- جمال الخدری نے ریڈ کراس کے وفد کو فلسطینیوں کے حالات سے تفصیلاً آگاہ کیا-
غزہ کی پٹی میں چند روز قبل اعلی سطحی رابطہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ غزہ کی پٹی کو اسرائیلی حصار بندی سے نجات دلائی جاسکے-
