اردن کی تجارتی انجمنوں نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کی قیادت کو اسرائیلی دھمکیوں کی مذمت کی ہے- اردن کی ٹریڈ یونینز کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اسرائیل کی قتل و غارت گری اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی پالیسی کی پشتی بانی کررہا ہے- اسرائیل کی طرف سے حماس کے راہنمائوں کو قتل کرنے کی دھمکیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ عرب ممالک خاموش ہیں جو کہ قابل مذمت ہے- اسرائیلی دھمکیاں جارحیت کے وسیع ہونے کی غماز ہیں- اسرائیلی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں-
بیان میں اردن کی حکومت سے عمان میں اسرائیلی سفارت خانہ بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا- بیان کے مطابق ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر دارالحکومت میں اسرائیلی سفارت خانے کو بند کرے اور اسرائیلی سفیر اور دیگر عملے کو اردن سے نکال دے- اردن کی ٹریڈ یونین کی طرف سے تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل سے تجارتی، اقتصادی اور ہر قسم کے تعلقات ختم کریں-
