چهارشنبه 30/آوریل/2025

یمن میں سرکاری طور پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا ہفتہ منانے کا آغاز

پیر 11-فروری-2008

یمن میں سرکاری طور پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا ہفتہ منایا جارہا ہے – ہفتہ اظہار یکجہتی کی افتتاحی تقریب میں یمنی وزیراعظم کی دعوت پر لبنان ‘ اردن اور فلسطین سے مہمانوں نے شرکت کی – افتتاحی خطاب میں یمن کے وزیراعظم نے فلسطینی گروپوں سے مطالبہ کیا کہ وہ خطرے کے مقابلے کے لئے متحد ہوجائیں – ہفتہ اظہار یکجہتی کے کنوینر علی محمد مجور نے فلسطینی عوام کی مدد پر قائم رہنے کے یمن کے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یمن اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد جاری رکھے گا – بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کی جانبداری چھوڑ کر مسئلہ فلسطین کو حل کرنا چاہیے –
 فلسطینی عوام کی مدد کے لئے یمنی عوامی کمیٹی کے سربراہ الشیخ صادق عبداللہ نے ہفتہ اظہار یکجہتی منانے کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس کا مقصد فلسطینی عوام کی ثابت قدمی کی حمایت جاری رکھنا اور ناکہ بندی کے خاتمے کے لئے کوششیں کرناہے – انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں کے لئے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی مدد کریں – پوری دنیا کے یہودی ایک ناحق قبضے کے لئے دل کھول کر تعاون کرتے ہیں تو کیا ہم حق کی کامیابی کے لئے مدد نہیں کرسکتے – ہمارا تمام عالم اسلام سے مطالبہ ہے کہ وہ دل کھول کر اہل حق کی مدد کریں – انہوں نے واضح کیا کہ حق وانصاف اور مظلوم سے تعاون جاری رہے گا – کامیابی جلد ہی اہل حق کے قدم چومے گی –
انہوں نے امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کے حق میں جانبدارانہ کردار ادا کرتی ہے – انہوں نے کہاکہ امریکہ مسلمانوں کا دوست نہیں ہے‘ انہوں نے فلسطینیوں کو یقین دلایا کہ جلد ہی فلسطین  آزاد ہوگا – بیت المقدس کو صہیونیوں سے پاک کرکے ہم سب اکٹھے وہاں نماز ادا کریں گے – مسلمانوں کے جہاد ترک کرنے کے باعث اقوام میں ان کا مقام و مرتبہ گر گیا ہے –
مفتی بیت المقدس عکرمہ صبری نے کہا کہ ناکہ بندی کا خاتمہ تمام مسلمانوں کا فرض ہے – انہوں نے دنیا کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام سے رسمی اور عوامی سطح پر اظہار یکجہتی کریں – امریکہ اور اقوا م متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام سے انصاف کا معاملہ کریں –

مختصر لنک:

کاپی