جمعه 15/نوامبر/2024

عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کا نوٹس لے

پیر 4-فروری-2008

اسلامی کانفرنس تنظیم نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کاروائیوں کانوٹس لینے کی اپیل کی ہے جبکہ پاکستان نے فلسطینی عوام کی جانب سے ظالمانہ کارروائیاں جاری رکھنے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے جبکہ مسلم ممالک سے فلسطینیوں کی فوری امداد کرنے کا مطالبہ کیا –
 پاکستان کے نگران وزیر خارجہ انعام الحق نے غزہ کی صورت حال پر غور کرنے کے لئے اسلامی کانفرنس تنظیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل جان بوجھ کر فلسطینی عوام پر ظلم و تشدد جاری رکھے ہوئے ہے اور فلسطینی عوام کو غزہ کی پٹی میں محصور کردیا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان اسرائیل کے اس طرز عمل کی بھر پور مذمت کرتاہے – انعام الحق نے کہاکہ اسرائیل نے اشیائے خورونوش اور تیل سمیت روزانہ ہونے والی سپلائی بھی غزہ کی پٹی کے لئے روک دی ہے – ان واقعات کی وجہ سے گزشتہ ایک میں 90فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان ان حالات سے غافل نہیں رہ سکتا اور اسرائیل کی ان کارروائیوں کی سخت مذمت کرتاہے –
 انہوں نے مصر کی جانب سے فلسطینیوں کو امداد پہنچانے پر پاکستان کی جانب سے شکریہ بھی ادا کیا اور مطالبہ کیاکہ برادراسلامی ممالک کوبھی اس جانب توجہ دینی چاہیے – پاکستانی وزیر خارجہ نے کہاکہ اسرائیل غیر قانونی اور غیر انسانی بنیاد پر فلسطینیوں پر مسلسل مظالم روکے – اسلامی کانفرنس تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی صدارت نگران وزیر خارجہ انعام الحق نے کی – اجلاس میں پاکستان کے علاوہ اردن‘فلسطین ‘ سینیگال اور ترکی سمیت 26اسلامی ممالک کے وزراء سیکرٹری اسلامی کانفرنس‘اسلامی کانفرنس تنظیم کے جنرل سیکرٹری پروفیسر اکمل الدین اور سعودی عرب کے میزبان ممبران نے بھی شرکت کی- اجلا س میں فلسطین خاص کر غزہ کی پٹی کی صورت حال پر تفصیل سے غور کیاگیا اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر ظالمانہ کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم خصوصاً اقوام متحدہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو امداد پہنچانے کے لئے ہنگامی بنیاد پر اقدامات اٹھائے- علاوہ ازیں اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اگلو نے سرحدی گزرگاہوں کی بندش سمیت بے یارو مدد گار فلسطینی عوام کی اسرائیل کی طرف سے ناکہ بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جدہ میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس فلسطینی عوام کی حمایت کے لئے اہم ہے – کویتی خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی ناکہ بندی سے غزہ کے علاقے کو آبادی کو ایندھن ‘ خوراک اور ادویات کی فراہمی رک گئی جس سے فلسطینی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا- 
انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا-  انہوں نے اسرائیل کو خبردار کیا کہ وہ غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں مسجد الاقصی میں کھدائی ‘ یہودی بستیاں اور علیحدہ جنگلے کے ماورائے عدالت کام کو جاری رکھنے سے باز رہے انہوں نے اسرائیل کی غیر قانونی اور غیر انسانی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ کی آبادی کی مشکلات حل کرنے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ناکامی پر اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور تمام فلسطینی دھڑوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے سامنے متحد ہوجائیں- انہوں نے فلسطینی دھڑوں میں قومی مصالحت کے لئے مصری کوششوں کو سراہتے ہوئے صدر حسنی مبارک کا شکریہ ادا کیا جس کے تحت ایندھن و اشیائے ضروریہ کے حصول کے لئے ہزاروں فلسطینیوں کو مصر میں داخلے کی اجازت دی گئی انہوں نے تمام عرب اور مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کی صرف مذمت کرنے کی بجائے فلسطینی عوام کی مدد کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں – غیر معموی اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں او آ ئی سی نے کہاکہ غزہ میں فلسطینی عوام کی اسرائیل کی طرف سے ناکہ بندی کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ پر مزید دباؤ بڑھایا جائے گا- بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ او آئی سی ممالک اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اور نجی تنظیموں کو فلسطینی عوام کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں –

مختصر لنک:

کاپی