اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر حملے کے لیے تل ابیب کو امریکی صدر بش کی حمایت حاصل ہے- جب تک مزاحمت ختم نہیں کی جاتی فلسطینیوں کو کچھ نہیں ملے گا- اسرائیلی ریڈیو کے مطابق ایہود اولمرٹ نے ہفتہ وار حکومتی اجلاس میں کہا کہ صدر بش نے دورہ اسرائیل کے موقع پر واضح کردیا کہ نقشۂ راہ کی مکمل پابندی کے بغیر فلسطینیوں سے کیے گئے کسی معاہدے پر عمل ممکن نہیں ہے- نقشہ راہ کی پہلی شق مزاحمت کا خاتمہ اور فلسطینی مزاحمتی گروپوں کو غیر مسلح کرنا ہے-
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا جواز پیدا کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی کنارے اور غزہ کے درمیان علیحدگی کے تصور کو بش نے مسترد کردیا اور ایک فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا ہے- بش کے مطابق ایک ہی فلسطینی ریاست ہوگی- غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے کنٹرول کے باوجود فلسطینی نقشہ راہ پر عمل کرنے کے پابند ہیں جس میں مزاحمت کا خاتمہ شامل ہے
