فلسطینی اتھارٹی کی نگران حکومت کے قائم مقام وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ کو ایران کے صدر محمود احمد نژاد کی طرف سے ٹیلی فون موصول ہوا- اس ٹیلی فونک گفتگو میں انہوں نے منگل کے روز انیس فلسطینیوں کی اسرائیلی فوجی دستوں کے ہاتھوں شہادت پر غم و غصے کا اظہار کیا-
محمود احمدی نژاد نے حماس کے سربراہ ڈاکٹر محمود الزھار سے ان کے بیٹے حسام کی مذکورہ حملے کے دوران شہادت پر اظہار تعزیت کیا- انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جارج بش نے اس علاقے کا دورہ کر کے صہیونیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ جس قدر چاہیں تشدد کریں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنائیں- اسماعیل ھنیہ نے فون کرنے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا اور فلسطینی عوام جن بدترین حالات کا سامنا کررہے ہیں ان کے بارے میں آگاہ کیا-
اسماعیل ھنیہ نے یمن کے صدر علی عبد اللہ صالح کو ٹیلی فون کیا اور انہیں اسرائیلی حملے اور ہلاک ہونے والے افراد کے بارے میں بتایا-
صنعا میں موجود حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عبد اللہ صالح نے اسرائیل کے جابرانہ اقدامات کی مذمت کی ہے اور کہا کہ مسلسل اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد پیدا ہو رہا ہے اور ان کے اختلافات میں کمی آرہی ہے- صدر علی عبد اللہ صالح نے کہا کہ وہ امریکہ، یورپی یونین اور عالمی برادری پر دباؤ ڈالیں گے تاکہ اسرائیل اپنے حملے روک دے- صالح نے حسام الزھار اور دیگر شہداء کے لیے تعزیت کے الفاظ کہے-
