دوشنبه 12/می/2025

سعودی عرب حکام ملاقات کامیاب رہی:نمائندہ حماس

منگل 11-دسمبر-2007

اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے رکن محمد نصر نے کہاہے کہ حماس کے سعودی عرب کے مذاکرات اہمیت کے حامل ہیں اور کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں –
 محمد نصر نے حال ہی میں حماس کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل کی قیادت میں ایک وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا ہے، انہوں نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نمائندے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حماس کے وفد کا حالیہ دورہ سعودی عرب ، حماس اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، انہوں نے بتایا کہ اس وفد کی سعودی وزیر خارجہ سعودالفیصل اور کئی سعودی عہدیداران سے ملاقات رہی اور انا پولیس کانفرنس کے بعد ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیالات ہوا- انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران قومی اتحاد، غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے پر اسرائیل کے جابرانہ قبضے اور مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی، انہوں نے کہاکہ مغربی کنارے میں محمود عباس کے اقدامات کی وجہ سے فلسطینیوں کا عزم و حوصلہ کمزورکرنے کی کوشش کی گئی ہے –
انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت کے اہلکاروں نے فلسطینی جماعتوں کے اندر انتشار پر اپنی تشویش کا اظہار کیا علاوہ ازیں انہوں نے حماس کے وفد کے فلسطینی موقف کی بھرپور تائید کی –
جب ان سے سوال کیاگیا کہ کیا فتح اور حماس کے درمیان  آئندہ دنوں میں کوئی ملاقات متوقع ہے تو انہوں نے بتایاکہ تمام عرب ممالک فلسطینیوں میں پائے جانے والے انتشار کے کم ہونے کے منتظر ہیں- انہوں نے بتایا کہ عرب ممالک کوشش کررہے ہیں کہ فلسطینیوں کا باہمی اختلاف ختم ہوجائے، تاہم انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی – محمد نصر نے کہاکہ حماس بلا کسی شرط کے مذاکرات کے لئے تیار ہے تاہم انہوں نے کہا کہ حماس فتح مداکرات کے راستے میں محمود عباس بہت بڑی رکاوٹ ثابت ہوئے ہیں –
سعودی عرب میں پہنچنے والے حماس کے وفد میں سیاسی شعبے کے نائب سربراہ ڈاکٹر موسی ابو مرزوق اور سیاسی شعبے کے رکن سامی خاطر بھی شامل ہیں-

مختصر لنک:

کاپی