اسرائیلی وزیر تعمیرات زیوبوئم نے کہاہے کہ امریکی اعتراض کے باوجود جبل ابو غنیم (ہار ہوما) میں نئے تعمیراتی منصوبے پر کام جاری رکھا جائے گا- بوئم کا کادیمہ پارٹی سے تعلق ہے- اسرائیلی ریڈیو پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہارہوما ، بیت المقدس کی میونسپل حدود کی سرحد پر واقع ہے ، جہاں اسرائیل کا قانون لاگو ہوتاہے اور شہریوں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے نئے رہائشی یونٹ کی تعمیر سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا-
اسرائیلی حکومت نے گزشتہ منگل کو تعمیراتی کمپنیوں سے جبل ابو غنیم میں 370گھروں کی تعمیر کے لئے ٹینڈرطلب کئے تھے- عربوں اور فلسطینیوں نے اس پر شدید احتجاج کیا ہے- ایک اور اسرائیلی وزیراوگدور لیبرمین نے امریکہ کے تحفظات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کہاکہ نئے گھروں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری رہے گا – انہوں نے کہاکہ یہ سب پر واضح رہناچاہیے کہ ہارہوما اسرائیل کا لازمی حصہ ہے اور بیت المقدس کا حصہ رہے گا- یاد رہے کہ امریکی نقشہ راہ کے مطابق طے کیاگیاتھاکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیاں ختم کردی جائیں گی-
