غزہ میں سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں نے امریکہ میں منعقدہ امن کانفرنس میں قومی اصولوں پر دستبرداری کو مسترد کردیا ہے- غزہ میں سیاسی اور سماجی تنظیموں تحت منعقدہ ایک کانفرنس میں مقررین نے فلسطینیوں کے حق واپسی، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور تمام قیدیوں کی رہائی کو بنیادی مطالبات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان معاملات پر کوئی سودے بازی نہیں کی جاسکتی- کانفرنس میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اسلامی جہاد، پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ ’’الصاعقہ‘‘ قومی یکجہتی فورم کے علاوہ درنوں سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی-
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے راہنماء ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا کہ فلسطینیوں کے بنیادی مؤقف پر سودے بازی لاکھوں فلسطینیوں کے خون کا سودا تصور کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط تحریک آزادی کو بغیر کسی وجہ کے نہیں چھوڑا جاسکتا- اسرائیل غاصب ہے اور فلسطینی عوام کو اس کے تسلط کے خلاف ہر محاذ پر جنگ لڑنے کا برابر حق حاصل ہے- اسرائیلی قید میں پابند سلاسل ہزاروں فلسطینیوں کی رہائی فلسطین کے قومی مسائل میں سے ہے ان کو نظر انداز کر کے مسئلہ فلسطین کو کسی صورت بھی حل نہیں کیا جاسکتا-
