غزہ کی پٹی میں فلسطینی جماعتیں اگلے ہفتے قومی کانفرنس کا انعقاد کریں گی، اس میں اعلان کیا جائے گاکہ قومی اہداف اور حقوق پر مفاہمت نہ کی جائے گی- صاعقہ فورس کے سربراہ محی الدین ابودکہ نے کہاہے کہ قومی کانفرنس کے غزہ میں انعقاد کے لئے فلسطینی جماعتیں سرگرم عمل ہیں- روزنامہ ’’فلسطین ‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانفرنس کے شرکاء اس کا از سرنو اظہار کریں گے کہ کوئی بھی شخص فلسطین کے قومی اہداف سے انحراف نہیں کرسکتا خصوصاً فلسطینی مہاجرین کی واپسی کا حق، بیت المقدس اور سرحدوں کے تعین پر کوئی سودے بازی نہیں ہوسکتی –
حماس، اسلامی جہاد، صاعقہ ، عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین ،جنرل کونسل اور کئی سول ادارے اس کانفرنس میں شرکت کریں گے- اس کانفرنس کا انعقاد اناپولیس کانفرنس کے علی الرغم کیا جا رہاہے- انا پولیس کانفرنس ، امریکی انتظامیہ منعقد کررہی ہے تاکہ اسرائیل فلسطین تنازعے کا حل نکالا جاسکے- کئی فلسطینی اس خدشے کا اظہار کرچکے ہیں کہ فلسطین کانفرنس میں قومی اہداف سے انحراف کو تسلیم کرلیا جائے گا-
