اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے یورپی یونین کے مندوب برائے مشرق وسطی حافیر سولانا کے دورہ مشرق وسطی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس دورے کو خطے میں عدم استحکام کا باعث قرار دیا- غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے پارلیمانی بلاک ’’اصلاح و تبدیلی‘‘ کے سربراہ ڈاکٹر صلاح بریڈویل نے کہا کہ حافیر سولانا خطے میں اسرائیلی سفیر کے طور پر کام کررہے ہیں- ان کے دورہ فلسطین سے فلسطینی عوام کے مسائل کے حل میں کوئی مدد نہیں ملی- انہوں نے کہا کہ غزہ میں حماس کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کرنا اسرائیل کے مفادات کے لیے کام کرنے کے مترادف ہے- واضح رہے کہ حافیر سولانا نے اپنے دورہ اسرائیل کے دوران ایک بیان میں کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر غزہ پر فوجی کارروائی کی جاسکتی ہے-
حماس کے راہنماء نے کہا کہ یورپی برادری کو چاہیے کہ وہ غزہ کے معاشی حصار کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اور اسرائیل کا مقدمہ لڑنے سے باز رہے- ایک سوال کے جواب میں بریڈویل نے کہا کہ حافیر سولانا کا یہ مشرق وسطی کا پہلا دورہ نہیں وہ ماضی میں بھی دورے کرتے رہے ہیں تاہم اس کے مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے-
