جمعه 02/می/2025

اسرائیلی سکیورٹی حکام کے قیدیوں پر حملے میں اڑھائی سو قیدی زخمی

منگل 23-اکتوبر-2007

 شمالی اسرائیل میں صحرائے ناگیوو میں واقع ایک جیل میں سینکڑوں فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی محافظوں کے مابین جھڑپوں میں پندرہ قیدی اور پندرہ محافظ زخمی ہوگئے ہیں۔ تاہم فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں زخمیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور ان کا کہنا ہے کہ دس شدید زخمی قیدیوں کو ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ کتزوئی نامی اس جیل میں دو ہزار فلسطینی قید ہیں۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فساد معمول کی تلاشی کے عمل کے دوران شروع ہوا اور اس دوران قیدیوں کے رہائشی کیمپ کے کچھ حصوں کو آگ بھی لگا دی گئی۔ حکام کے مطابق حالات پر ایک گھنٹے میں قابو پا لیا گیا جبکہ فلسطینی انتظامیہ نے الزام لگایا ہے کہ پہلے تو اسرائیلی محافظین نے فلسطینی قیدیوں کو بھڑکایا اور پھر حالات پر قابو پانے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔
 
فلسطینی انتظامیہ کے وزیر برائے امورِ جیل خانہ جات اشرف العجرامی کا کہنا ہے کہ’ اسرائیلیوں نے ہمارے قیدیوں کے ساتھ جو کچھ کیا وہ بلا وجہ تھا۔ انہوں نے غیرقانونی ہتھیار اور ربر کی گولیاں استعمال کیں جو کہ ناقابلِ قبول ہے‘۔ اسرائیلی جیل حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے جیل کے افسران کی جان کو در پیش خطرے کے پیشِ نظر صحیح اقدامات اٹھائے۔ اشرف العجرامی نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اسرائیلی حکومت اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اس واقعے کی شکایت درج کروانے کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔

دریں اثنا اسلامی تحریک مزاحمت کے ایک بیان میں فلسطینی اسیران کی ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی جرات اور ہمت سے جلد جیلوں کے دروازے کھل جائیں گے اور وہ اپنے عوام و اہل خانہ کے درمیان ہوں گے۔

مختصر لنک:

کاپی