جنوبی غزہ کی پٹی کے علاقے رفح میں دو فلسطینیوں کو اسرائیلی فوجیوں نے گرفتار اور تیسرے کو اغواء کرلیا- مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا کہ پانچ اسرائیلی فوجی ٹینکوں نے جرادات علاقے کو اچانک گھیر لیا- محاصرے کے دوران بھاری مشین گنوں سے فائرنگ بھی کی جاتی رہی- ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوگئے جن کو علاج معالجے کے لئے ابو یوسف النجار ہسپتال لے جایا گیا-
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجی دستوں نے کرم ابو سالم کراسنگ سے اچانک حملہ شروع کر دیا- یہ کراسنگ غزہ، مصر اور 1948ء میں اسرائیل کے قبضے میں جانے والے فلسطینی علاقے کے سنگم پر واقع ہے- قابض اسرائیلی افواج نے کراسنگ سے پچیس کلومیٹر مغرب میں جرادات کے علاقے پر حملہ کیا- مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی دستوں نے ابو ششہ خاندان پر حملہ کردیا اور اکتیس سالہ جہاد ابو ششہ کو ساتھ لے گئے- قابض فوجیوں نے آدھے گھنٹے تک فائرنگ جاری رکھی- نیز فلسطینی گھروں کو نشانہ بنایا- اس کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے غزہ انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے نزدیک پوزیشن بنالی-
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجی بلڈوزروں نے ائیر پورٹ کے مشرق میں رکاوٹیں تعمیر کرلی ہیں جوایک فوجی چوکی کی شکل اختیار کرگئیں ہیں- ایک ٹینک ریت کے ڈھیر پر چڑھ گیا اور فلسطینی گھروں پر فائرنگ جاری رکھی- جرادات علاقے کے مقامی لوگوں نے اسرائیلی فوج کی ان کارروائیوں کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کیا اور کہا ہے کہ اس طرح اسرائیل وسیع فوجی کارروائیوں کا آغاز کرسکتا ہے-
