جمعه 02/می/2025

نابلس میں اسرائیلی فوج کی کارروائی، دو فلسطینی شہید

منگل 16-اکتوبر-2007

اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں در اندازی کی کارروائی میں ایک بزرگ فلسطینی شہری کو شہید جبکہ دو دوسرے شہری اس کارروائی میں شدید زخمی ہو گئے- حملے میں مزاحمت کرنے والا ایک مجاہد بھی جام شہادت نوش کر گیا-
ہسپتال ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ستر سالہ بزرگ عبد شاکر الوزیر کو اس وقت گولی مار دی جب انہوں نے صہیونی فوجیوں کی دستک کے بعد دروازہ کھولا- بعد ازاں صہیونی فوج نے نابلس شہر میں العین کالونی میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کا آغاز کر دیا-  شاکر الوزیر کو زخمی حالت میں ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کرخالق حقیقی سے جا ملے-
 مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوجیوں نے مجاہدین کی ایک کمین گاہ  پر ایک راکٹ فائر کیا جس سے فارس اللیل نامی مزاحمتی گروپ کے ممبران زخمی ہو گئے- بعد ازاں فارس اللیل تنظیم نے اپنے ایک مجاہد کی شہادت کی تصدیق کر دی- عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج کی تیس گاڑیوں کا ایک قافلہ بلڈوزروں کے ہمراہ نابلس کی اس بستی پر حملہ آور ہوا –
فوجی دستوں نے نیشنل ہسپتال اور اتحاد ہسپتال کے احاطے میں پوزیشین سنبھال لیں- یاد رہے کہ کارروائی میں جام شہادت نوش کرنے والے مجاہد ابو سریہ پر اسرائیلی فوج کے متعدد قاتلانہ حملے ہو چکے تھے‘ ان کی تنظیم فارس اللیل نے ماضی میں اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے لئے معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا تھا- آخری اطلاعات آنے تک اسرائیلی فوج کی کارروائی جاری تھی- کارروائی میں بہت سی عمارتوں کا محاصرہ کرتے ہوئے دعوی کیا گیا ہے کہ ان میں مجاہدین چھپے ہوئے ہیں جو ان عمارتوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں-

مختصر لنک:

کاپی