اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے مسلح گروہوں کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی دستے کسی بھی وقت غزہ کی پٹی پر حملہ آور ہوسکتے ہیں ، انہوں نے اسرائیلی فوجی دستوں کو بھی تنبیہہ کی ہے کہ ان کے حملے کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا- حماس نے سوموار کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں عسکری بازو قسام بریگیڈ اور دیگر مزاحمتی جماعتوں کو سراہا جنہوں نے اسرائیلی فوجی حملوں کو روکنے اور پسپا کرنے کے لئے کوششیں کی ہیں –
اسرائیلی فوجی دستوں نے منگل کے روز نابلس شہر کے بلاطہ مہاجر کیمپ کی طرف پیش قدم کی لیکن کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں آئی –
مہاجر کیمپ کے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پیش قدمی کرنے والے اسرائیلی فوجی دستوں اور مزاحمت کاروں کے درمیان جھڑپ ہوئی لیکن کسی کے زخمی یا شہید ہونے کی اطلاع نہیں ملی- اسی اثناء میں یہودی آبادکاروں نے نابلس کے مشرق میں قبر النبی یوسف کے علاقے کو خالی کردیا تا کہ یہودی تہوار کے موقعہ پر مذہبی رسومات ادا کرسکیں- نابلس شہر کے شمال میں واقع ہومیش آبادی میں سینکڑوں یہودی آبادکاراسرائیلی فوج کے ہمرا ہ واپس آ گئے- یہاں پر وہ مذہبی رسومات ادا کریں گے- ہومیش کو قابض حکومت نے ڈیڑھ برس قبل خالی کردیا تھا لیکن آبادکار یہاں مسلسل آتے رہے –
