اسلامی تحریک مزاحمت (حماس ) کوآئندہ انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے اسرائیل اقوام متحدہ سے قرار داد پاس کرانے کی سازشوں میں مصروف ہے – اسرائیلی وزیر خارجہ تسیبی لیفنی اقوام متحدہ کے 62 ویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچ گئی ہیں- اسرائیلی ذرائع کے مطابق وہ حماس کے حوالے سے اپنے نظریے کو فروغ دینے کے لئے عرب ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گی- تسیبی لیفنی مسلح مزاحمتی گروپوں کو کسی بھی ملک میں انتخابات یا جمہوری عمل میں حصہ لینے سے روکنے پر عالمی اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیں گی – تل ابیب سے عبرانی زبان میں شائع ہونے والے اخبار ’’ہارٹس ‘‘کے مطابق تسیبی لیفنی اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی – تسیبی لیفنی کی کوشش ہوگی کہ وہ عرب ممالک کو نومبر میں امریکی صدر بش کی طرف سے بلائی جانے والی امن کانفرنس میں شرکت کے لئے مادہ کریں –
