فلسطین میں دائیں بازو کی سیاسی جماعت پیپلز ڈیموکریٹ فرنٹ نے صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزراء خارجہ کے درمیان ملاقات پر کڑی نکتہ چینی کی ہے- فرنٹ کے ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ صدر عباس کو دیگر عرب اسلامی ممالک سے اسرائیلی تعلقات کے قیام کے لیے پل کے طور پر استعمال کررہے ہیں- ترجمان نے کہا کہ صدر عباس کا اسرائیلی راہنماؤں سے ملاقاتیں کرنا فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی حمایت کے مترادف ہے- ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ صدر عباس کی جانب سے غزہ کے نواح اور غرب اردن میں معصوم شہریوں کے خلاف عباس ملیشیا کا کریک ڈائون اپنے ہی شہریوں کی زندگی اجیرن کرنے کی سازش ہے- انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ محمود عباس کی دوستی کا انہیں کوئی ثمر نہیں ملے گا بلکہ ان ملاقاتوں کا فائدہ صرف اسرائیل کو ہوگا-
