مغربی کنارے میں فلسطینی صدر محمود عباس کو براہ راست جوابدہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے مسا جد کا تقدس پامال کیا جا رہاہے – سیکورٹی فورسز مغربی کنارے میں البیرہ شہر کی مسجد میں جوتوں سمیت داخل ہوگئی اور انہوں نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے کارکنا ن کیخلاف کارروائی کی- وہ مسجد کی بعض اشیاء بھی اپنے ساتھ لے گئیں- دوسری جانب رمضان المبارک کے مہینے میں حماس کے کارکنان کو گرفتار کرنے کی کارروائیوں میں شدت آ گئی ہے- گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سکول ہیڈ ماسٹر اور صحافی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیاگیا-
نابلس میں عین بیت الماء مہاجر کیمپ سے 50سالہ سکول ہیڈ ماسٹر محمد خرمہ کو گرفتار کیاگیا- وہ سیکورٹی فورسز کی جیل سے چند روز قبل ہی رہا ہو کر آئے تھے- انہیں رہاکرنے سے پہلے ہیڈ ماسٹر ی چھوڑنے پر مجبور کیاگیا-
اس سلسلے میں ان سے دستخط لئے گئے کہ وہ کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کریں گے- نابلس ہی میں فلسطینی سیکورٹی فورسز نے حماس کے ایک کارکن زہیر لبادہ کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا- کارروائی قابض اسرائیلی افواج کے سامنے کی گئی – قابض اسرائیلی افواج نے العین کیمپ کو گھیرے میں لیا ہوا تھا-
رام اللہ میں سیکورٹی فورسز نے ایک صحافی اور ایک شہری کو گرفتار کیا – سلفیت میں جماعین دیہات کے رہائشی رزق الحاج علی کو گرفتار کرانے کے ساتھ زدوکوب کیاگیا- جنین میں مسلیہ دیہات کے رہائشی یاسرادیب کو گرفتار کیاگیا- مغربی کنارے میں فلسطینی سیکورٹی فورسز کی جیلوں میں قیدیوں پر تشدد کا سلسلہ جار ی ہے- عینی شاہدین کے مطابق نابلس کے قومی ہسپتال میں انجینئر مہدی حدادہ کو آئی سی یو میں منتقل کردیاگیا- وہ فلسطینی سیکورٹی فورسز کی قید میں تشدد کے باعث ان کی حالت خراب ہوگئی ہے –
نابلس کی ایک اور جیل میں قید عبدالحکیم قدح کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران عبدالحکیم پر تشدد کیاگیا- عبدالحکیم کے اہل خانہ نے ملاقات کے لئے جیل حکام سے درخواست کی ہے جو ابھی تک منظور نہیں ہوئی- قلقیلیہ کی جیل میں بھی قید ایک شہری کو دوران تفتیش تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کی حالت نازک ہونے کے باعث ہسپتال منتقل کیاگیاہے- محمو دعباس کی سیکورٹی فورسز کی جیلوں قیدیوں کا کہناہے کہ رمضان میں روزے کے دوران ان پر تشدد کا سلسلہ جاری ہے –
