اسرائیل نے الخلیل شہر میں قدیم تاریخی مسجد ’’مسجد ابراہیمی‘‘ کو رمضان المبارک میں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے- مسجد کمیٹی کے چیئرمین شیخ حجازی ابو سنیہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے انہیں ایسے خطوط موصول ہوئے ہیں جن میں رمضان کے آغاز سے ہی مسجد پر اسرائیلی فوج کا پہرہ بٹھانے کی دھمکی دی گئی ہے- انہوں نے کہا کہ مسجد پر پابندی رمضان المبارک کی آمد اور یہودیوں کی عید کے ایام کے پیش نظر لگائی جارہی ہے- رمضان کے پہلے ہفتے میں عبرانی سال کے آغاز میں یہودی عید مناتے ہیں- ابو سنیہ نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں اور فوج نے رمضان کی آمد سے قبل ہی مسجد ابراہیمی میں آمد و رفت کے ساتھ ساتھ نمازیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے-
