اسرائیلی خفیہ ادارے ’’شاباک‘‘ نے دعوی کیا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور1948ء مقبوضہ فلسطین میں قائم تحریک اسلامی مسجد اقصی کو اپنے کنٹرول میں لینا چاہتی ہیں- انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصی کے احاطے اور اس کے اندر بعض مقامات پر تعمیری کام میں تیزی آ رہی ہے اور یہ تعمیر و مرمت کا کام تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ رائد صلاح او ر حماس کے کے تعاون سے ہو رہا ہے- رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے شیخ رائدصلاح نے مسجد اقصی میں قرآن سرکلز کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے- اس کام کے لیے انہیں حماس کی مالی معاونت حاصل ہے- اس کے علاوہ مسجداقصی میں حفظ قرآن کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے – رپورٹ کے مطابق اسرائیلی خفیہ اداروں کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ حماس کو بیرون ملک سے امداد مل رہی ہے اور حماس اس امداد میں سے تحریک اسلامی اور شیخ رائدصلاح کی بھی مدد کر رہی ہے
