اسرائیلی فوج کی جانب سے غرب اردن میں نہتے شہریوں پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے- فلسطینی انسانی حقوق کے ادارے ’’مرکز حقوق فلسطین‘‘ کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار تفصیلات کے مطابق قابض فورسز نے یکم ستمبر سے سات ستمبر تک ایک ہفتے کے دوران غرب اردن میں اکتیس دراندازیوں کا ارتکاب کیا- بیشتر کارروائیاں رات کے پچھلے پہر عمل میں لائی گئیں- اس دوران چوبیس افراد کو گرفتار کیا گیا- رپورٹ کے مطابق رواں سال اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے شہریوں کی تعداد 1877 ہو چکی ہے- سینکڑوں شہری مختلف مظاہروں کے دوران گرفتار کیے گئے- ان کی تعداد اس کے علاوہ ہے-
گھروں پر حملوں کے علاوہ قابض فوج نے ہسپتالوں میں موجود زخمیوں اور مریضوں پر بھی حملے جاری رکھے- اس دوران زخمی اور بیماری کی حالت میں کئی افراد کو اٹھا لیا گیا- گرفتاریوں اور دراندازیوں میں اسرائیلی فوج کو فلسطینی صدر محمود عباس کے زیر کمانڈ سیکورٹی فورسز کی بھی حمایت حاصل ہے-