ایک فلسطینی عورت نے مقبوضہ بیت المقدس کے مضافات میں قائم اسرائیل کی قائم کردہ نگران چوکی پر بچے کو جنم دیا- یہ عورت مقبوضہ بیت المقدس کے مضافات کی رہنے والی ہے اور اسے ہسپتال لے جایا رہاتھا- مقبوضہ بیت المقدس کو اس کے گردونواح سے الگ کرنے والی ابودیس نگران چوکی پر وہ پہنچی ہی تھی کہ اس کی حالت نازک ہوگئی- سڑک پر قائم نگران چوکی پر وہ ٹیکسی سے نیچے اتری اور نگرانی پر مامور اسرائیلی فوجیوں سے کہا کہ اسے گھنٹوں انتظا ر نہ کرایا جائے کیونکہ اس کی حالت نازک ہے- اس کے باوجود اس کی درخواست پر غور نہ کیاگیا- اسی اثناء میں بچے کی پیدائش کا وقت آگیا اور اسے نگران چوکی پر ہی بچے کو جنم دینا پڑا- یہ ایسا واقعہ نہیں ہے کہ جو پہلی بار پیش آیا ہو اس سے پہلے بھی افسوسناک واقعات رونماہوئے ہیں کہ جب فلسطینی عورتوں کو ہسپتال پہنچے نہ دیا گیا اور بچوں نے پیدائش کے فوری بعد دم توڑ دیا-
اسرائیلی قابض انتظامیہ نے فلسطینیوں کی زندگی کو مشکل تر بنانے کے لئے یہ رکاوٹیں جگہ جگہ قائم کررکھی ہیں- یہاں تک کہ ہسپتال جانے کے لئے بھی انہیں کئی کئی بار تلاشی دینا پڑتی ہے اور کاغذات چیک کرانا پڑتے ہیں –